Due to excellent centuries of Asif Ali and Muhammad Nawaz, Northern Team was able to save the 4 day test against KPK team after being Followed on by KPK Team. Here is the complete detail in Urdu by Babar Hayat Show
فالو آن کا شکار ہونے والی ناردرن کرکٹ ٹیم آصف علی اور محمد نواز کی سنچریوں کی بدولت خیبرپختوانخوا کے خلاف میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ آصف علی نے 18 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 114 رنز بنائے۔ محمد نواز نے 100 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ عمر امین نے 80 اور روحیل نذیر نے 46 رنز بنائے۔ مجموعی طور پر میچ میں 5 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھانے والے ذوہیب خان نے دوسری اننگز میں 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ناردرن کرکٹ ٹیم نے بطور مہمان ٹیم ٹاس کیے بغیر باؤلنگ کا اعلان کیا تھا۔ خیبرپختوانخوا نے 136.4 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 526 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ کپتان محمد رضوان 176 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شاداب خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے حیدر علی نے 99 رنز اسکور کیے تھے۔
سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ میچ کے اختتام تک سدرن پنجاب نے دوسری اننگز میں 30 اوورز میں 107 رنز بنائے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ سمیع اسلم 50 اور عمر صدیق 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز کپتان شان مسعود تھے جو 32 رنز بنا کر ظفر گوہر کا شکار بنے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے میچ کے آخری روز 348 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو محمد سعد 41 اور فہیم اشرف 30 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ محمد سعد 70 اور فہیم اشرف 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئےتاہم پوری ٹیم 473 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بلال آصف اور وقاص مقصود کے درمیان 10ویں وکٹ کے لیے 47 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ سمیع اسلم کے 243 رنز کی بدولت سدرن پنجاب نے 467 رنز بنائے تھے۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا گیا میچ بھی بے نیتجہ رہا۔ سندھ کی جانب سے اسکور کیے گئے 473 رنز کے جواب میں بلوچستان کرکٹ ٹیم نے 173 اوورز میں 355 رنز بنائے اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھےکہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ امام الحق 152 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 514 منٹ کریز پر موجود رہنے والے امام الحق نے 352 گیندوں پر 18 چوکے لگائے۔ سندھ کی جانب سے کاشف بھٹی اور اسد شفیق نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بلوچستان کی جانب سے 10ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے خرم شہزاد نے 44 رنز اسکور کیے۔ میچ کے آخری روز بلوچستان کی جانب سے امام الحق نے 111 اور عمران فرحت نے 16 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ اس سے قبل بلوچستان کرکٹ ٹیم نے نوٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے پہلے باؤلنگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ عابد علی کے ناقابل شکست 249 رنز کی بدولت سندھ نے 473 رنز بنائے تھے کہ کپتان سرفراز احمد نے اننگز ڈکلیئر کردی۔بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
0 Comments